حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ آرمی پبلک سکول کی ساتویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معصوم جانوں سے خون کی ہولی کھیلنے والے درندہ صفت عناصر انسانیت کے مجرم ہیں۔ قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستانی قوم نے دیں ہیں۔ستر ہزار لاشوں کا تحفہ دینے والوں سے کسی بھی قسم کی رعایت شہداءکے خون سے غداری اور سوگواران کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا سولہ دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ وطن عزیز کے دشمنوں نے کم سن بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر اپنے وحشیانہ عمل سے یہ ثابت کیا کہ وہ انسانی جذبوں سے مکمل طور ہر عاری ہیں اور کم ظرفی کی کسی بھی سطح تک جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کے بعد قوم جس طرح دہشت گردوں کے خلاف یک زبان تھی آج بھی اسی وحدت و اخوت کی ضرورت ہے۔کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات، اسیران کی رہائی اور دہشت گردوں کے خلاف عسکری کارروائیوں کی بندش جیسے فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں نہیں اور ان کی کسی صورت تائید نہیں کی جا سکتی۔ہمیں ثابت کرنا ہو گا کہ ایک ایٹمی طاقت مٹھی بھر شرپسند وں کے ہاتھوں یرغمال بن کر اپنے عالمی وقار کو داؤپر نہیں لگا سکتی۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے سانحہ اے پی ایس کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفتر میں دعائیہ تقاریب کے انعقاد کی ہدایت بھی کی۔